گجرات :گجرات میں مون سون کی شدید بارش نے تباہی مچادی۔ 577 ملی میٹر ریکارڈ بارش سے پورا شہر پانی میں ڈوب گیا۔ گلیاں، سڑکیں، چوراہے سب ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہو گیا، قیمتی سامان خراب ہو گیا، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں لگے ہوئے ہیں۔
بارش کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ برساتی نالے بھی بپھر گئے، اور آس پاس کے دیہات پانی کی زد میں آ گئے۔ کئی علاقوں میں لوگ چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔
شکرگڑھ اور ظفروال میں بھی زور دار بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ایبٹ آباد میں ندی میں آیا سیلابی ریلا ایک پل بہا لے گیا، جس کے بعد کئی دیہات کا زمینی رابطہ کٹ گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 5 ستمبر تک مزید بارشوں کا امکان ہے، اور سیلابی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب، خانپور ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کی حد سے بڑھ گئی ہے، جس کے بعد ڈیم کے سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، مگر پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔