افغان طالبان کی ڈرون حملوں کی بڑی کوشش ناکام: سکیورٹی فورسز نے تمام ڈرونز فضا میں تباہ کر دیے

09:40 AM, 14 Mar, 2026

راولپنڈی  پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے سرحد پار سے ہونے والے ڈرون حملوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے دشمن کی ناپاک کوشش خاک میں ملا دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے 13 مارچ کو پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، افغان طالبان نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان پر ڈرون حملے کیے، تاہم سکیورٹی فورسز نے ان ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔ ڈرونز کے ملبے کی زد میں آکر کوئٹہ میں 2 بچے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری زخمی ہوا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا واحد مقصد پاکستانی عوام میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے پوری طرح چوکس ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
اس واقعے کے بعد ملک بھر کے حساس مقامات اور سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ دفاعی ماہرین اسے خطے کی سکیورٹی صورتحال میں ایک سنگین تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں