لاہور :حکومتِ پنجاب نے مالی سال 27-2026ء کے بجٹ کو حتمی شکل دے دی ہے، جس میں کسی بھی نئے ٹیکس کے بغیر عام آدمی اور سرکاری ملازمین کو بڑا ریلیف دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ یہ عوام دوست بجٹ جون کے دوسرے ہفتے میں صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق، تقریباً 6 ہزار ارب روپے حجم کے اس بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاق کے متوقع ریلیف کے برابر ہی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، مریم نواز حکومت نے صوبے میں مینوفیکچرنگ اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے نئے ٹیکس نہ لگانے کی پالیسی برقرار رکھنے کا عزم کیا ہے۔
بجٹ کے خدوخال بتاتے ہیں کہ جہاں ایک طرف ایک کھرب 600 ارب روپے کے بھاری فنڈز سے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا،دوسری طرف تعلیم، صحت، زراعت، اور "سُتھرا پنجاب" جیسے صفائی کے انقلابی منصوبوں سمیت امن و امان کے لیے خطیر رقم مختص کی جا رہی ہے تاکہ صوبے کے شہریوں کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔