مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی؛ ائیرپورٹس پر رقت آمیز مناظر، پی آئی اے کا آپریشن 30 جون تک جاری رہے گا

12:53 PM, 31 May, 2026

کراچی / لاہور :مناسکِ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد ہزاروں پاکستانی حجاج کرام کی اپنے وطن واپسی کا والہانہ آغاز ہو گیا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز کے ذریعے 114 حجاج کرام جیسے ہی اسلام آباد پہنچے تو ائیرپورٹ پر موجود اہلخانہ نے اشکبار آنکھوں اور پھولوں کے ہاروں کے ساتھ اپنے پیاروں کا استقبال کیا۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق، ملک بھر کے دیگر شہروں کے لیے بھی آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ جدہ سے دوسری اہم پرواز آج لاہور پہنچ رہی ہے، جبکہ کراچی کے حجاج کو لے کر پہلی خصوصی فلائٹ بھی آج شام ہی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترے گی۔ ائیرپورٹس پر حجاج کی آمد کے پیشِ نظر استقبال کے لیے آنے والے شہریوں کا شدید رش دیکھا جا رہا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ حجاج کی سہولت کے لیے جدہ اور مدینہ منورہ کے ائیرپورٹس پر خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔ قومی ائیرلائن کا یہ بعد از حج آپریشن 30 جون تک مسلسل جاری رہے گا، جس کے تحت تمام پاکستانی زائرین کو مرحلہ وار اور باآسانی ان کے آبائی شہروں تک پہنچایا جائے گا۔

مزیدخبریں