آئی اے ای اے کا انکشاف: ایران نے 60 فیصد افزودہ یورینیم کے ذخائر میں اضافہ کر دیا

09:10 PM, 31 May, 2025

ویانا: بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایران نے 60 فیصد خالص یورینیم کے ذخیرے میں خاطر خواہ اضافہ کر لیا ہے، جو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے درکار سطح کے قریب تصور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی افزودہ یورینیم کی موجودہ مقدار 2015 کے معاہدے میں طے کردہ حد سے 45 گنا زیادہ ہو چکی ہے۔ آئی اے ای اے نے نشاندہی کی ہے کہ ایران وہ واحد غیر جوہری ہتھیار رکھنے والا ملک ہے جس نے اس سطح تک یورینیم کی افزودگی حاصل کی ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت جوہری سرگرمیوں کے تناظر میں تشویش کا باعث ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایران کے جوہری معاہدے کی بحالی پر مذاکرات جمود کا شکار ہیں۔

رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اسرائیل نے کہا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے برعکس دکھائی دیتا ہے۔ اسرائیلی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ اس پیش رفت کا نوٹس لیں۔

یہ صورتِ حال ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں حالات پہلے ہی نازک ہیں اور ایران کے جوہری عزائم پر عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔

مزیدخبریں