کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو پاکستان نے جو تاریخی کامیابی حاصل کی، وہ صرف دشمن کی شکست نہیں بلکہ 1971 کے دکھوں کا ازالہ بھی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں وہ جرات و بہادری دکھائی کہ دشمن کے حواس اڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ایک ایسی مثال ہے جو پاکستان کے دفاعی عزم کی علامت بن چکی ہے۔
انہوں نے ایٹمی دھماکوں کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ 1998 میں بھارت کے پانچ دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے چھ دھماکے کر کے دنیا کو حیران کر دیا، اور یہ عزت اللہ تعالیٰ نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو دی۔
وزیراعظم نے بلوچستان کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیامِ پاکستان کے وقت کوئٹہ کے بزرگوں نے قائداعظم کی قیادت کو تسلیم کر کے تاریخی فیصلہ کیا تھا، اور آج ایک بار پھر بلوچستان کے عوام نے اتحاد و یگانگت کی مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کو "اغیار کے آلہ کار" قرار دیا اور کہا کہ بلوچستان کے عوام ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔