لاہور: پنجاب میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی وجہ سے متاثرہ لاکھوں شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے حکومت نے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں غیر قانونی سکیموں کو ریگولرائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ ظلم ہے کہ غریب لوگوں سے پیسے لے کر پلاٹ نہ دیا جائے، اور اس غلط کاری میں بعض سرکاری محکمے بھی شامل تھے۔"
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ایک مرتبہ قواعد کے تحت ایمینسٹی دی جائے گی تاکہ مسائل کا مستقل حل نکل سکے۔
پنجاب میں پہلی بار ہاؤسنگ سیکٹر کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا، جس سے عوام کو سہولت اور شفافیت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس کو دی گئی رپورٹ کے مطابق صوبے میں 7,905 ہاؤسنگ سوسائٹیز ہیں، جن میں سے بیشتر غیر قانونی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔