کوئٹہ: بلوچستان میں قیامِ امن اور صوبے کے قبائل و عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی ایک بڑی کوشش کے تحت وزیراعظم شہباز شریف آج کوئٹہ پہنچ گئے، جہاں وہ ایک اہم قبائلی جرگے میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کا پرتپاک استقبال قائم مقام گورنر، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی، اسپیکر اسمبلی اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔ وفاقی وزراء اور عسکری قیادت بھی اس دورے میں شریک ہیں۔
یہ گرینڈ جرگہ بلوچستان کی تاریخ کے اہم جرگوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جس میں قبائلی سرداروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں، ارکان اسمبلی اور ریاستی اداروں کے اعلیٰ نمائندوں کو ایک چھت تلے لایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جرگے میں امن و امان، قبائلی مفاہمت، ترقیاتی منصوبے اور وفاقی حکومت کی ترجیحات پر کھل کر گفتگو کی جائے گی۔ وزیراعظم بلوچستان کے عوام کو یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ "پاکستان تبھی مضبوط ہوگا، جب بلوچستان بااختیار، محفوظ اور مطمئن ہوگا۔"