پاک ،چین مشترکہ امن اعلامیہ: مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور 5 نکاتی فارمولا پیش

07:18 PM, 31 Mar, 2026

اسلام آباد/بیجنگ : پاکستان اور چین نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے لیے ایک جامع 5 نکاتی مشترکہ امن اقدام کا اعلان کر دیا ہے، جس میں فوری جنگ بندی اور عالمی تجارتی راستوں کی بحالی پر زور دیا گیا ہے۔
بیجنگ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی ہم منصب کے درمیان ہونے والی اہم مشاورت کے بعد دفتر خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں چین نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت کی۔دونوں ممالک نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ کے پھیلاؤ کو فوری روکا جائے اور جنگ زدہ علاقوں تک انسانی امداد کی رسائی کو بلا تعطل ممکن بنایا جائے۔
 اعلامیہ میں آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے وہاں پھنسے جہازوں کی فوری واگزاری اور تجارتی گزرگاہوں کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
 تمام محاذوں پر دشمنی کا خاتمہ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی، تنازعات کے حل کے لیے دھمکی کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد راستہ قرار دیا گیا۔ ایران اور خلیجی ممالک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا مکمل احترام۔ بجلی گھروں، ڈی سیلینیشن پلانٹس اور پرامن جوہری تنصیبات کو حملوں سے محفوظ رکھنے پر زور۔ تجارتی جہازوں اور عملے کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری۔
پاکستان اور چین نے متنبہ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام عالمی توانائی کی رسد کو متاثر کر سکتا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک اقوام متحدہ کے منشور کی روشنی میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مل کر کام کرنے پر متفق ہیں۔

مزیدخبریں