صدر مملکت، وزیر اعظم اور دیگر اہم شخصیات کی عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد

12:08 PM, 31 Mar, 2025

اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے خوشی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کا دن رمضان کی عبادات اور صبر کا انعام ہے جو اللہ کی طرف سے ہمیں عطا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن ہمیں اپنے بھائی چارے کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ ہمارا ملک خوشحال اور مستحکم ہو۔ اس موقع پر انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ اللہ انہیں جلد آزادی کے ساتھ عید کی خوشیاں نصیب کرے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی عید کی خوشی میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید ہمیں شکرگزاری، محبت اور اتحاد کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے، اور ہمیں انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچ کر متحد رہنا ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کا دن اللہ کی رحمت پر شکرگزاری کا موقع ہے، اور ہمیں اس دن محبت، رواداری اور احساس کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے ضرورت مندوں کو یاد رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔ محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ سب عید کی خوشیاں سکون سے منا سکیں۔ انہوں نے قوم کو یاد دلایا کہ باہمی اختلافات کو پیچھے چھوڑ کر قومی یکجہتی کو فروغ دینا ضروری ہے۔

مزیدخبریں