لاہور : عید کی خوشیوں میں جہاں ایک طرف مصروفیات نے ہمیں بعض فرائض سے غافل کر دیا ہے، وہیں دعائے مغفرت کے لیے قبرستان جانے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ نماز عید کے بعد شہر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دینے قبرستان پہنچے۔
شہریوں نے اپنے عزیزوں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور ان کی مغفرت کے لیے دعائیں کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کچھ افراد نے قبروں کی صفائی کی اور ان پر پھولوں کی پتیوں کی چادر بھی چڑھائی۔
قبرستان آنے والے افراد کا کہنا تھا کہ عید کی خوشی تو ہے، لیکن پیاروں کے بچھڑنے کا دکھ بھی دل میں موجود ہے۔ وہ نماز عید کے بعد یہاں اپنے عزیزوں کی روح کی سکونت اور مغفرت کے لیے آئے ہیں تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہوں۔