خود اعتمادی یا خود نمائی

10:31 AM, 31 Mar, 2025

انسانی فطرت کے نہاں خانوں میں شناخت کی پیاس ایک ازلی سچائی ہے ۔ اولادِ آدم دیکھے جانے ، سراہے جانے اور چاہے جانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ مگر کب یہ خواہش خود اعتمادی سے نکل کر خود نمائی کے زہریلے رنگ میں رنگ جاتی ہے ، اکثر خود انسان کو بھی خبر نہیں ہوتی ۔ جدید دور میں سوشل میڈیا نے اس حد ِ فاصل کو اس قدر دھندلا دیا ہے کہ حقیقی اور مصنوعی شخصیت میں تمیز اب مشکل ہو گئی ہے ۔خود اعتمادی وہ روشنی ہے جو انسان کے اندر سے پھوٹتی ہے ، یہ کردار کی مضبوطی ، اعتماد کی پختگی اور تجربے کی گہرائی سے جنم لیتی ہے ۔ خود اعتماد شخص دوسروں کی نظروں میں جیتنے کا محتاج نہیں ہوتا بلکہ اس کی شخصیت کی جاذبیت اپنے فطری حسن سے جھلکتی ہے ۔اس کے برعکس خود نمائی وہ بے قرار کیفیت ہے جس میں انسان اپنی اس پہچان کا اسیر بن جاتا ہے اور زندگی کے ہر پہلو کو دکھاوے کی سجاوٹ میں لپیٹ کر پیش کرتا ہے ، خواہ وہ حقیقت میں اس کا مالک نا ہو ۔سوشل میڈیا نے ان دونوں عناصر کو مزید پیچیدہ بنا دیا اور یہ نفسیاتی بھوک ان جیسے پلیٹ فارمز پر پذیرائی کے آسان مگر عارضی راستے کی بدولت شدید ہوتی جا تی ہے جہاںانسان ہر لمحہ اپنی زندگی کے جھر وکوں کو دوسروں کے لیے نمایاں کرتا ہے ۔سوشل میڈیا نے اظہار کے دروازے تو کھول دیے مگر ساتھ ہی سطحیت کو بھی فروغ دیا ۔ انسان خود کو دیکھنے کے بجائے ، خود کو دکھانے میں مگن ہو چکے ہیں ۔آج کسی کی وقعت اس کی فکری گہرائی سے زیادہ اس کی چمکدار تصویروں اور مصنوعی لب و لہجے پر منحصر دکھائی دیتی ہے ۔ لا ئک ، کمنٹس اور شیئرز کا جنون اس قدر حاوی ہو چکا ہے کہ افراد اپنی اصل شخصیت کو پسِ پشت ڈال کر محض دکھاوے کی دنیا بسانے میں مصروف ہیں ۔
یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا سوشل میڈیا شخصیت کا معمار ہے یا مسخ گر ؟اگر اسے شعور اور فہم کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ فکری ارتقا اور خود اعتمادی کو جلا بخش سکتا ہے ، لیکن اگر یہ محض دکھاوے اور غیر حقیقی تصورات کے فروغ کا ذریعہ بن جائے تو شخصیت کی مسخ شدگی ناگزیر ہو جاتی ہے ۔
جب انسان اپنی اصل پہچان سے ہٹ کر دوسروں کی توقعات اور مصنوعی معیارات کے مطابق جینے لگے تو وہ ایک نہ ختم ہونے والے اضطراب کا شکار ہو جاتا ہے ۔ سوشل میڈیا پر بنائی گئی چمکدار شخصیت اگر حقیقت کی دنیا سے میل نا کھاتی ہو تو انسان اندر سے کھوکھلا ہو جاتا ہے ۔ یہی وہ مقام ہے جہاں خود اعتمادی اور خود نمائی کے درمیان لکیر دھندلا جاتی ہے ۔خود نمائی وقتی تسکین دیتی ہے مگر یہ تسکین مستقل نہیں ہوتی ، جبکہ خود اعتمادی ایک مضبوط بنیاد کی مانندہوتی ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہوتی جاتی ہے ۔یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ حقیقی خوشی اور اطمینان اندرونی استحکام سے حاصل ہوتا ہے ، نہ کہ دوسروں کی طرف سے دی گئی وقتی توجہ سے ۔اس لیے ضروری ہے کہ انسان اپنی کامیابی اور شناخت کی بنیاد اس بات پر نا رکھیں کہ ہمیں کتنا سراہا جا رہا ہے بلکہ یہ دیکھیں کہ ہم اندر سے کتنے مطمئن اور مضبوط ہیں ۔ 
اپنی اصل کو سمجھنا ، اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا اور اپنی خامیوں پر کام کرنا وہ راستہ ہے جو حقیقی کامیابی اور خوشی کی طرف لے جاتا ہے ۔انسان کی اصل عظمت اس کے خیالات ، اخلاق اور اعمال میں پوشیدہ ہوتی ہے ، نہ کہ اس کے ظاہری دکھاوے میں ۔سوشل میڈیا نے ایک ایسی دنیا تخلیق کر دی ہے جہاں لوگ اپنی حقیقی زندگی کا عکس پیش کرنے میں مصروف ہیں ۔ یہ مصنوعی طرزِ زندگی صرف دوسروں کو متاثر کرنے کے لیے اختیار کی جاتی ہے ، لیکن اندر سے یہ شخصیت کو کمزور اور کھوکھلا کر دیتی ہے ۔سوشل میڈیا ایک آئینہ ضرور ہو سکتا ہے مگر کبھی بھی انسان کے اصل کا متبادل نہیں بن سکتا۔ زندگی کا اصل جمال اپنی اصل کو پہچاننے اور اس پر استقامت سے قائم رہنے میں پوشیدہ ہے ۔خوشی کی تلاش میں انسان خود کو دوسروں کی رائے کا محتاج بنا لیتے ہیں اوراسی نکتے سے عدم اطمینان اور احساسِ کمتری جنم لیتے ہیں ۔ سچی خوشی اور کامیابی ان چیزوں میں پوشیدہ ہے جو نظر نہیں آتیں ، جیسے علم ، ایمانداری ، عاجزی ، اور صبر ۔ جو لوگ اندر سے مضبوط ہوتے ہیں انہیں کبھی بھی دوسروں کی رائے کی پرواہ نہیں ہوتی ، ان کی شخصیت خود اپنی پہچان بن جاتی ہے۔وہ جانتے ہیں دکھاوا وقتی تسکین ضرور دیتا ہے مگر اندرونی خلا کو بھر نہیں سکتا ۔شخصیت کی وقعت ظاہری چمک دمک سے نہیں بلکہ فکر ، کردار اور اعمال سے متعین ہوتی ہے ۔ اگر زندگی کا محور محض دوسروں کی نظروں میں نمایاں ہونا ٹھہرے ، تو یہ ایک نا ختم ہونے والی سراب کی دوڑ ہے جہاں ہر قدم پر مزید پیاس بڑھتی جاتی ہے ۔سکون اور طمانیت تب نصیب ہوتی ہے جب انسان اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر حقیقت پسندی کے ساتھ اپنی فکری اور اخلاقی نشونما پر توجہ مرکوز رکھے ۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خود اعتمادی اور خود نمائی میں تمیز کرنا سیکھیں ۔ ہمیں سوشل میڈیا کے ایسے استعمال کی طرف آنا چاہیے جو ہمارے شعور کو بلند کرے ، ہماری سوچ میں نکھار پیدا کرے، شخصیت کو سنوارے اور ہمیں حقیقت کے قریب لے جائے۔ محض ستائش اور مصنوعی تحسین کے پیچھے بھاگنے کے بجائے ، حقیقت پر مبنی خود اعتمادی کو اپنائیں ، کیونکہ سچائی ہی وہ جوہر ہے جو شخصیت کو حقیقی معنوں میں نکھارتا ہے ۔وقت کی اشد ضرورت ہے کہ ہم خود احتسابی کی عادت کو اپنائیں ۔کیا ہم سوشل میڈیا پر اپنی سچائی بیان کر رہے ہیں یا محض تصنع کا شکارہو رہے ہیں ؟اگر ہم چاہتے ہیں کہ سوشل میڈیا ہماری شخصیت کا معمار بنے نہ کہ مسخ گر ، تو ہمیں اسے ایک ذمہ دارانہ انداز میں برتنا ہو گا ۔ حقیقی زندگی کی قدروں کو اہمیت دینا ہوگی ، تعلقات کی گہرائی کو محض لائکس اور فالوورز کی سطحیت پر قربان نہیں کرنا ہو گا اور سب سے بڑھ کر اپنی ذات کی سچائی کو تسلیم کرنا ہوگا ۔ کیونکہ اگر شخصیت کا اصل کھو جائے ، تو خواہ کتنی ہی شہرت کیوں نا حاصل ہو انسان کی روح کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکتا ۔ سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ ہے لیکن اسے اپنی سوچ ، احساسات اور خودی کی قیمت پر حکمرانی کرنے کی اجازت دینا انسان کی سب سے بڑی شکست ہو گی ۔

مزیدخبریں