لاہور:آج ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اتوار کو شوال کا چاند نظر آنے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزا د نے عید کا باضابطہ اعلان کیا۔ چاند کی رویت کے بعد ملک بھر میں عید الفطر کے موقع پر نماز عید کے ہزاروں اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں، جن میں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔
عید کی خوشیوں میں شیر خرمے، کھیر، مٹھائیاں، کیک اور دیگر لوازمات سے مہمانوں کی تواضع کی جا رہی ہے۔ عید کا دن مسلمانوں کے لیے ایک اہم موقع ہے، جسے بھائی چارے، محبت اور اتحاد کے جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم اور عالم اسلام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید الفطر اللہ کا انعام ہے، جو رمضان المبارک کی عبادات اور تقویٰ کے بعد ہمیں نصیب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستان ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی عید الفطر پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس دن کو ہم اللہ کے انعامات اور رمضان کی برکتوں کے شکر گزار ہوں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے عید کے دن اتحاد، ہمدردی اور شکر گزاری کی اہمیت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، عید کا دن ہمیں اپنی فوجی جوانوں کی قربانیوں اور ان کے اہل خانہ کی حمایت کی قدر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جو اپنے خاندانوں سے دور رہ کر قوم کے دفاع میں مصروف ہیں۔