تھرپارکر: ضلع تھرپارکر کی تحصیل اسلام کوٹ کے قریب ایک دیہات میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں فوری طور پر سول اسپتال مٹھی منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کھیتوں میں زرعی کام مکمل کرنے کے بعد بارش سے بچنے کی غرض سے ایک درخت کے سائے تلے بیٹھے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی آ گری، جس سے موقع پر ہی تین افراد دم توڑ گئے جبکہ دیگر زخمی ہو گئے۔
حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں میں تاج محمد شاہ، ساجن میگھواڑ اور کمسن امرت میگھواڑ شامل ہیں، جبکہ راجیش میگھواڑ، تیرتھ میگھواڑ اور عمر اوٹھو زخمی ہوئے ہیں۔ طبی حکام کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں مزید علاج کے لیے سول اسپتال مٹھی منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے اور بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ نے واقعے سے متعلق فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ گاؤں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سرکاری معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔