پنجاب حکومت نے صوبے کے ہر گھر تک صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف منصوبہ پانچ روز میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کے اجلاس میں صوبے میں صاف پانی کے منصوبوں، اتھارٹی کی تنظیم نو اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صاف پانی اتھارٹی پنجاب کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ری اسٹرکچر کیا جائے گا۔ نئی تشکیل کے بعد اتھارٹی کو تکنیکی اور انتظامی اختیارات دیے جائیں گے تاکہ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو زیادہ مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
حکومت پنجاب کے مطابق صاف پانی کی فراہمی عوامی سہولیات میں بہتری کے لیے اہم ترجیحات میں شامل ہے۔