انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے امتیازی سلوک پر سزائیں مزید سخت کر دیں، کم از کم 10 میچز کی معطلی لازمی

02:52 PM, 31 Jul, 2026

لندن : انگلش فٹبال ایسوسی ایشن (ایف اے) نے اعلان کیا ہے کہ نئے سیزن سے امتیازی رویے میں ملوث کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔

نئے قواعد کے مطابق اگر کوئی فرد نسلی، مذہبی، صنفی یا کسی اور نوعیت کے امتیازی سلوک کا مرتکب پایا گیا تو اسے کم از کم 10 میچز کے لیے معطل کیا جائے گا۔ یہ ضوابط کھلاڑیوں کے علاوہ کوچز، منیجرز اور ٹیکنیکل اسٹاف پر بھی لاگو ہوں گے۔

ایف اے کا کہنا ہے کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں ریگولیٹری کمیشن سزا میں اضافہ کرتے ہوئے 10 سے زیادہ میچز کی پابندی بھی عائد کر سکتا ہے، جبکہ مخصوص رعایتی حالات یا فوری اعترافِ جرم کی صورت میں کم از کم 6 میچز کی معطلی دی جا سکے گی۔

تنظیم نے مزید واضح کیا کہ بار بار امتیازی رویے میں ملوث افراد کے خلاف مزید سخت سزائیں دی جائیں گی، جن میں 12 سے زائد میچز کی معطلی یا طویل المدتی پابندی بھی شامل ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں