ممبئی : بھارتی اداکارہ اور ماڈل شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کہانیوں اور کرداروں میں حقیقت کا عنصر نمایاں ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ ناظرین پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔
ایک حالیہ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں محبت اور جذبات کو سادہ مگر مؤثر انداز میں پیش کیا جاتا ہے، جس سے کہانی زیادہ فطری محسوس ہوتی ہے۔
شہناز گل نے بتایا کہ ان کے پسندیدہ پاکستانی ڈراموں میں ’میری زندگی ہے تو‘ اور ’کبھی میں کبھی تم‘ شامل ہیں۔ انہوں نے ہانیہ عامر، بلال عباس اور فہد مصطفیٰ کی اداکاری کو بھی خوب سراہا۔
بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں نے اپنے منفرد انداز کی بدولت الگ شناخت بنائی ہے اور وہ معیار کے اعتبار سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیے ان کے مثبت خیالات کو سراہا۔