پی ایس ایل 12 کی تاریخوں پر غور جاری، سپر سکسز کرانے کی تجویز بھی سامنے آگئی

12:31 PM, 31 Jul, 2026

لاہور : پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے شیڈول کے لیے دو ممکنہ ادوار زیرِ بحث ہیں۔ پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے درمیان ہونے والی آن لائن ملاقات میں فروری، مارچ 2027 اور اپریل، مئی 2027 کی ونڈوز کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں فروری، مارچ کی ونڈو کو اس لیے اہم قرار دیا گیا کہ اس دوران آئی پی ایل سے تصادم نہیں ہوگا، جس کے باعث غیر ملکی کرکٹرز کی دستیابی بہتر رہنے کا امکان ہے، جبکہ موسم بھی کرکٹ کے لیے موزوں ہوگا۔ تاہم دیگر عالمی لیگز اور رمضان المبارک کے باعث کچھ مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب اپریل اور مئی کی ونڈو میں آئی پی ایل کے ساتھ تاریخوں کے ٹکراؤ کا امکان موجود ہے، لیکن بعض غیر ملکی کھلاڑی پورے ایونٹ کے لیے دستیاب ہو سکتے ہیں۔ البتہ شدید گرمی اور امتحانات کے باعث مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

میٹنگ میں فرنچائز مالکان کی جانب سے آکشن اور ریٹینشن کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی تجاویز بھی دی گئیں، جبکہ سیلری کیپ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ اس کے علاوہ پی ایس ایل سپر سکسز ایونٹ کے انعقاد کی تجویز بھی زیرِ غور آئی، جس پر مالی معاملات طے ہونے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران واجبات کی ادائیگی سے متعلق معاملات بھی زیرِ بحث آئے، جس پر پی سی بی حکام نے واضح کیا کہ لیگ کے نظام کو متاثر کرنے والے مسائل پر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

حیدرآباد کنگز مین کے مالک فواد سرور نے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج ہی پی ایس ایل کی کامیابی میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ معاملات پر تنقید کرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزیدخبریں