لاہور: پاکستانی اداکارہ عروبہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز پر مبینہ سکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ نے مختلف مواقع پر ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔
اداکارہ کے شیئر کیے گئے مبینہ پیغامات میں گفتگو شروع کرنے اور سنیپ چیٹ پر بات چیت جاری رکھنے کی درخواستیں دکھائی دیتی ہیں۔ عروبہ مرزا نے اپنی پوسٹ میں لکھا، "پہلے مومنہ اقبال، پھر سیدہ طوبیٰ، اور اب میں۔"
یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ثاقب چدھڑ پہلے ہی شوبز شخصیات سے متعلق الزامات کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ اداکارہ مومنہ اقبال ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں سائبر سٹاکنگ، ہراسانی، بلیک میلنگ اور دھمکیاں دینے جیسے الزامات عائد کر چکی ہیں، جبکہ اس کیس کی تحقیقات نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کر رہی ہے۔
مومنہ اقبال متعدد بار واضح کر چکی ہیں کہ وہ انصاف کی منتظر ہیں اور مقدمے میں کسی بھی ممکنہ سمجھوتے کی خبروں کی تردید کرتی ہیں۔ دوسری جانب عروبہ مرزا کی تازہ پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، تاہم اس معاملے سے متعلق تمام دعوے اور الزامات تاحال قانونی کارروائی اور عدالتی عمل کے تحت ہیں۔