ممبئی: بالی ووڈ اداکار سونو سود نے بھارتی اداکارہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کی جانب سے جنریشن زی (Gen Z) نوجوانوں کے لیے استعمال کیے گئے متنازع الفاظ پر ردعمل دیتے ہوئے اسے نامناسب اور افسوسناک قرار دیا ہے۔
سونو سود کا کہنا ہے کہ جو افراد عوامی مقام رکھتے ہیں، انہیں گفتگو کرتے وقت اپنے الفاظ کا خاص خیال رکھنا چاہیے کیونکہ ان کی باتوں کا اثر بڑی تعداد میں لوگوں پر پڑتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران جب سونو سود سے کنگنا رناوت کے اس بیان کے بارے میں سوال کیا گیا جس میں انہوں نے احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو ’جنریشن گٹر‘ کہا تھا، تو اداکار نے کہا کہ انہوں نے یہ بیان خود نہیں سنا، تاہم اگر یہ الفاظ استعمال کیے گئے ہیں تو وہ اس رائے سے متفق نہیں ہیں۔
اداکار نے کہا کہ کسی بھی عوامی شخصیت کی پہچان اور کامیابی کے پیچھے عوام کی حمایت شامل ہوتی ہے، اس لیے لوگوں کے جذبات کا احترام کرنا بہت ضروری ہے۔ ان کے مطابق عوامی شخصیات کو ایسا رویہ اختیار کرنا چاہیے جس سے لوگوں کے ساتھ تعلق مضبوط ہو۔
سونو سود نے مزید کہا کہ دنیا کے کسی بھی شعبے میں ترقی اور کامیابی لوگوں کے اعتماد سے جڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے کوئی فلمی دنیا سے وابستہ ہو، طب کے شعبے میں ہو یا کسی اور پیشے سے، اس کی قدر و اہمیت عوام کے تعاون سے قائم رہتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی حمایت کے بغیر کسی بھی شخص کے لیے طویل عرصے تک کامیابی کا سفر جاری رکھنا آسان نہیں ہوتا، اس لیے ہر ایک کو اپنے الفاظ اور رویے میں احتیاط برتنی چاہیے۔
خیال رہے کہ کنگنا رناوت کے بیان پر تنازع اس وقت پیدا ہوا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر جنتر منتر سمیت مختلف مقامات پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے مظاہرین کے اندازِ گفتگو کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور نوجوانوں کے حوالے سے سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔
کنگنا کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک نئی بحث شروع ہوگئی، جہاں متعدد صارفین نے ان کے الفاظ کو توہین آمیز قرار دیا جبکہ کچھ افراد نے ان کے مؤقف کی حمایت بھی کی۔