اسلام آباد : اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے فیض آباد دھرنے سے متعلق کیس میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کے دوران گنڈاپور کو "اشہتاری" قرار دیے جانے کا فیصلہ برقرار رکھا اور پولیس کو ہدایت دی کہ وہ وارنٹ گرفتاری پر عمل کرے۔ تاہم عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر پشاور ہائیکورٹ کی طرف سے کوئی حکم موجود ہے، تو اس پر عمل کیا جائے۔
کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید خان سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ وکلا کی درخواست پر سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
یہ مقدمہ تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج ہے اور اس میں پی ٹی آئی کے کئی رہنما نامزد ہیں، جن پر فیض آباد میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف احتجاج کرنے کا الزام ہے۔