پشاور: خیبر پختونخوا میں سینیٹر ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ تقریباً دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی۔ اب تک 63 اراکین ووٹ ڈال چکے ہیں۔
پولنگ کے دوران ایک شخص نے بیلٹ پیپر باہر لے جانے کی کوشش کی، مگر الیکشن کمیشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے یہ کوشش ناکام بنا دی۔
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا ہے، جہاں پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ انتخاب میں پی ٹی آئی کی مشال یوسفزئی اور اپوزیشن کے مہتاب ظفر کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ دیگر کئی امیدوار، بشمول مسلم لیگ (ن) کی صوبیہ شاہد، دستبردار ہو چکے ہیں۔
ایوان میں کل 145 اراکین ہیں، جن میں 92 کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے جبکہ 53 اراکین اپوزیشن میں شامل ہیں، جن میں مسلم لیگ ن، جے یو آئی، پیپلز پارٹی، اے این پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز شامل ہیں۔
الیکشن خفیہ رائے شماری سے ہو رہا ہے اور اسمبلی میں موبائل فون لانے پر پابندی عائد ہے۔