اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ہونے والا تجارتی معاہدہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے ملکی برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی سیکرٹری آف کامرس اور ٹریڈ ریپریزنٹیٹو سے ملاقات کی، جس کے بعد یہ معاہدہ طے پایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی امریکا سے مسلسل بات چیت جاری تھی، اور اس کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے بعد پاکستانی اشیاء پر امریکا میں ٹیرف میں کمی آئے گی، جو ہماری برآمدات کے لیے بہت فائدہ مند ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان نے 32 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کی، جن میں سے 6 ارب ڈالر کی برآمدات صرف امریکا کو کی گئیں، جو ہماری سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈیل سے امریکہ کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبے بھی بڑھیں گے، جو ہماری معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔ ان کے مطابق، یہ سب کچھ حکومت کی کامیاب سفارتکاری کی وجہ سے ممکن ہوا۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ اگر بھارت پر 25 فیصد ٹیرف لگتا ہے، تو پاکستان کو خطے میں تجارتی برتری حاصل ہو سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ حالیہ دنوں میں نائب وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی امریکی قیادت سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جو پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری کی علامت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے، اور حکومت اسی حکمتِ عملی پر آگے بھی کام جاری رکھے گی۔