آسٹریلیا نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے یوٹیوب سمیت سوشل میڈیا پر پابندی کا اعلان کر دیا

04:34 PM, 31 Jul, 2025

سڈنی : آسٹریلوی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی میں اب یوٹیوب جیسے ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم کو بھی شامل کیا جائے گا۔

نومبر 2024 میں بنائے گئے قوانین میں پہلے یوٹیوب کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا، لیکن اب حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ یوٹیوب پر بھی 16 سال سے کم عمر بچے اکاؤنٹ نہیں بنا سکیں گے۔

اس قانون کے تحت دسمبر 2025 سے ٹک ٹاک، انسٹاگرام، فیس بک، ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور سنیپ چیٹ جیسے پلیٹ فارمز پر کم عمر افراد کے لیے پابندیاں لگائی جائیں گی۔ یوٹیوب پر بچے ویڈیوز تو دیکھ سکیں گے، لیکن وہ نہ تو اکاؤنٹ بنا سکیں گے، نہ ہی ویڈیوز پر تبصرے یا کوئی مواد اپلوڈ کر سکیں گے۔

یوٹیوب نے اس پابندی پر اعتراض کیا تھا کہ وہ سوشل میڈیا نہیں بلکہ ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ہے، لیکن حکومت نے اسے بھی پابندی کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ یوٹیوب نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر حکومت سے بات چیت جاری رکھے گا۔

یہ قانون دنیا بھر میں زیرِ توجہ ہے۔ ناروے نے بھی ایسی پابندی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور برطانیہ بھی اس پر غور کر رہا ہے۔ پاکستان میں بھی 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز زیر غور ہے اور پارلیمانی کمیٹیاں اس پر کام کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں