ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان کر دیا

10:22 AM, 31 Jul, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی معاہدہ مکمل ہو گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ملک مل کر اپنے تیل کے ذخائر تلاش کریں گے اور ایک ایسی کمپنی کا انتخاب کریں گے جو تیل کی تلاش کرے گی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ شاید مستقبل میں پاکستان بھارت کو بھی تیل بیچے۔

انہوں نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس میں بہت سے ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر کام جاری ہے۔ جاپان اور یورپی یونین کے ساتھ بھی کامیاب ڈیلز ہو چکی ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان معاہدوں سے امریکہ کا تجارتی خسارہ کم ہوگا۔

اسی دوران صدر ٹرمپ نے بھارت پر بھی سخت موقف اپنایا ہے اور اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے بھارت کو 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا۔ اگر بھارت نے یہ ٹیرف ادا نہیں کیا تو اسے بھاری جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا۔ اس سے پہلے امریکہ بھارت سے تقریباً 14 فیصد ٹیرف وصول کر رہا تھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ روس سے فوجی سازوسامان خریدے اور چین کے بعد روس سے توانائی خریدنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے امریکہ کے ساتھ کم کاروبار کیا حالانکہ دونوں ملک دوست ہیں۔

ٹرمپ نے ایپل کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگر کمپنی اپنے آئی فونز امریکہ میں نہیں بنائے گی تو اسے 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں بیچے جانے والے آئی فونز امریکہ میں ہی تیار ہوں گے، بھارت یا کسی اور ملک میں نہیں۔

یہ تمام اقدامات امریکہ کی تجارتی پالیسی کو سخت بنانے اور ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

مزیدخبریں