کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کور ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال اور حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے بھی شرکت کی، جہاں دہشت گردی کے سدِباب کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
دورانِ اجلاس وفاقی وزیر داخلہ کو ’فتنہ الہندوستان‘ کے بزدلانہ حملوں اور ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی کو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اب تک کیے گئے جوابی اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔وزیر داخلہ نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ محض ایک مہم نہیں بلکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہنے والا مشن ہے۔ ریاست کے امن کو چیلنج کرنے والوں کے لیے اب کوئی جگہ باقی نہیں رہے گی۔
بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا عزم: وزیر داخلہ کا ہنگامی دورہ کوئٹہ
09:23 PM, 31 Jan, 2026