لاہور : قذافی سٹیڈیم میں شاہینوں نے کینگروز کا غرور خاک میں ملا دیا۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز کے بڑے فرق سے عبرتناک شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک میچ پہلے ہی اپنے نام کر لی ہے۔پاکستان نے ٹاس جیت کر جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی اور مقررہ اوورز میں 198 رنز کا بڑا سکور بورڈ پر سجایا، کپتان سلمان علی آغا نے 76 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ عثمان خان نے 53 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ اختتامی لمحات میں شاداب خان کے برق رفتار 28 رنز نے مجموعہ 198 تک پہنچا دیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی سپنرز کے سامنے بے بس نظر آئی۔ حیران کن طور پر کینگروز کی تمام 10 وکٹیں اسپنرز کے حصے میں آئیں، جو کہ ایک ریکارڈ کارکردگی ہے۔ شاداب خان اور ابرار احمد نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیبیو کرنے والے عثمان طارق نے 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ پوری مہمان ٹیم 108 رنز پر پویلین لوٹ گئی، جس میں 7 کھلاڑی دہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔
پہلے میچ میں 22 رنز کی جیت کے بعد اب پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ قومی ٹیم میں کی گئی تینوں تبدیلیاں (عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کی شمولیت) سودمند ثابت ہوئیں۔ سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا جہاں پاکستانی ٹیم کی نظریں آسٹریلیا کے خلاف وائٹ واش مکمل کرنے پر ہوں گی۔
کینگروز سپن کے جال میں پھنس گئے، پاکستان آسٹریلیا کو دوسرے ٹی20 میں ہراکر سیریز میں بھی فاتح
07:24 PM, 31 Jan, 2026