دنیا آپ کو علم پر نہیں، کردار اور محنت پر پرکھے گی: سپیریئر یونیورسٹی کانووکیشن سے اشتر اوصاف کا خطاب

12:34 PM, 31 Jan, 2026

لاہور : سپیریئر یونیورسٹی کے نویں کانووکیشن میں سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان، اشتر اوصاف نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو زندگی کے عملی میدان میں کامیابی کا گر سکھاتے ہوئے کہا ہے کہ اصل کامیابی ڈگری کے حصول میں نہیں بلکہ ایک مضبوط کردار کی تعمیر میں پوشیدہ ہے۔
اشتر اوصاف نے اپنے خطاب میں اقدار پر مبنی زندگی گزارنے پر زور دیتے ہوئے کہا    مشکل مگر درست فیصلہ: آسان راستہ اختیار کرنا سہل ہو سکتا ہے، لیکن حقیقی کامیابی ہمیشہ درست اور دیانتداری کے راستے پر چلنے سے ملتی ہے۔انہوں نے دیانتداری اور مستقل مزاجی کو کامیابی کی بنیادی کنجی قرار دیا۔
تعلیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے طلبہ کو نئے تناظر سے روشناس کرایا۔     تعلیم کی کوئی سرحد یا انتہا نہیں ہوتی۔ ڈگری ملنا تعلیمی سفر کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے اور بڑے تعلیمی مرحلے کا آغاز ہے جہاں آپ کو لمحہ بہ لمحہ سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آپ کا علم آپ کو پہچان دے سکتا ہے، لیکن آپ کا کردار اور آپ کی محنت ہی وہ پیمانہ ہے جس پر دنیا آپ کو پرکھے گی اور یہی آپ کو آگے لے کر چلے گا۔
سابق اٹارنی جنرل نے نوجوانوں کو ان کے اصل ہدف کی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ     آپ کی کامیابی کا مقصد صرف اپنی ذات نہیں بلکہ اپنے ساتھ جڑے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانا ہونا چاہیے۔     ہر طالب علم کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ان پر ان کے اساتذہ اور والدین کی انتھک محنت کا قرض ہے، جسے انہوں نے اپنی عملی زندگی میں بہترین کردار کے ذریعے ادا کرنا ہے۔

مزیدخبریں