لاہور : سپیریئر یونیورسٹی کے نویں کانووکیشن میں تعلیمی کامیابیوں کا جشن منایا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ملک و قوم کا حقیقی سرمایہ قرار دیا۔
ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اپنے خطاب کو نوجوانوں کے جذبے کے نام کرتے ہوئے کہا کہ عظیم قوموں کی پہچان ان کے باصلاحیت نوجوان ہوتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو زندگی کے نئے سفر کے لیے اہم گر سکھائے۔ کامیابی کے لیے سب سے پہلا قدم اپنے آپ اور اپنے مقصد پر پختہ یقین رکھنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقی کا کوئی "شارٹ کٹ" نہیں ہوتا، یہ منزل آہستہ آہستہ اور مسلسل جدوجہد سے حاصل ہوتی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے مثال دی کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمیں محنت کا درس دیتی ہے؛ آپ ﷺ نے ہر کامیابی اپنی انتھک محنت سے حاصل کر کے امت کے لیے نمونہ چھوڑا۔
تقریب کے دوران یونیورسٹی کی تعلیمی کارکردگی اور طلبہ کی محنت کے ثمرات تقسیم کیے گئے۔ مجموعی طور پر 3,735 گریجویٹس کو اسناد دی گئیں۔
ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے اس دن کو یونیورسٹی کی تاریخ کا ایک درخشاں باب قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر والدین اور اساتذہ کی موجودگی میں ڈگریاں پانے والے طلبہ کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔ چیئرمین نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان پیشہ ورانہ زندگی میں سپیریئر یونیورسٹی کے وژن "سپیریئر پاکستان" کی عملی تصویر بنیں گے۔
سپیریئر یونیورسٹی کا نواں کانووکیشن: 3700 سے زائد طلبہ میں ڈگریاں تقسیم، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کا ’محنت اور یقین‘ پر زور
11:59 AM, 31 Jan, 2026