لنکن ناؤٹیلس کے 2027 ماڈل میں نمایاں تبدیلیاں متعارف

03:11 PM, 31 Aug, 2026

کیلیفورنیا :لنکن نے اپنی مقبول لگژری ایس یو وی ناؤٹیلس کے 2027 ماڈل میں معمولی مگر اہم تبدیلیاں متعارف کرادی ہیں۔

2025 کی ایس یو وی آف دی ایئر قرار پانے والی ناؤٹیلس کے نئے ماڈل میں بنیادی ڈیزائن برقرار رکھا گیا ہے، تاہم گاڑی کے اگلے اور پچھلے حصے کو نیا انداز دیا گیا ہے۔ فرنٹ سے مرکزی لائٹ بار اور نچلا کروم ٹرم ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ نئی جیومیٹرک گرِلز شامل کی گئی ہیں۔ پچھلی جانب ٹیل لائٹ کو بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ پتلا کردیا گیا ہے۔

نئے ماڈل میں نوکٹرنل بلیو رنگ تمام ٹرِمز میں دستیاب ہوگا، جبکہ فراسٹڈ فِگ صرف بلیک لیبل کے لیے پیش کیا جائے گا۔ خریداروں کو 19 سے 22 انچ کے پانچ نئے وہیل ڈیزائن بھی ملیں گے۔

انٹیریئر میں بھی کئی نئے آپشنز شامل کیے گئے ہیں۔ بلیک لیبل میں ایلیسیئن لائٹ اور ایمیننٹ آور تھیمز متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ ریزرو ٹرِم میں ہاٹ چاکلیٹ سمیت دیگر نئے تھیمز دستیاب ہوں گے۔

ریزرو ماڈل کے لیے نیا رینیو پیکیج بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں آرام دہ نشستوں کے ساتھ مساج، میموری اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ گاڑی کا نمایاں 48 انچ ڈسپلے بدستور موجود رہے گا۔

ناؤٹیلس کے انجن آپشنز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ گاڑی 2.0 لیٹر ٹربو فور سلنڈر اور ہائبرڈ پاورٹرین کے ساتھ دستیاب ہوگی، تاہم پریمیئر آئی ٹرِم میں ہائبرڈ ورژن ختم کردیا گیا ہے۔

2027 ناؤٹیلس کی ابتدائی قیمت 56,790 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ نئی گاڑی کی ترسیل 2027 کے آغاز میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں