جی سی یو کے ایتھلیٹ فیضان احمد کا سکردو تک 1100 کلومیٹر دوڑنے کا عزم

05:43 PM, 28 Aug, 2026

لاہور: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) لاہور کے تیسرے سمسٹر کے طالب علم اور ایتھلیٹ فیضان احمد فیض نے ایک منفرد اور مشکل مہم کا آغاز کردیا ہے۔ فیضان تقریباً 1100 کلومیٹر کا فاصلہ دوڑ کر طے کرتے ہوئے سکردو پہنچنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کا مقصد قومی ریکارڈ قائم کرنا ہے۔

فیضان احمد فیض نے اپنی اس مہم کو پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور شہدا کے نام منسوب کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کوشش کے ذریعے وہ نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے، کھیلوں کو اپنانے اور صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنے کی ترغیب دینا چاہتے ہیں۔

فیضان کو مہم کے آغاز پر الوداع کہنے کے لیے جی سی یونیورسٹی کے تاریخی کلاک ٹاور کے قریب طلبہ، سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے ارکان، پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے بھی اس موقع پر شرکت کی اور فیضان کی حوصلہ افزائی کی۔

طلبہ اور دیگر شرکا نے سڑک کے دونوں اطراف جمع ہوکر فیضان کا حوصلہ بڑھایا، جبکہ ان کے والدین اور اہل خانہ بھی مہم کے آغاز کے موقع پر موجود تھے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے فیضان کے جذبے اور عزم کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کامیاب سفر کے لیے دعا کی۔

فیضان احمد فیض کی یہ مہم محض قومی ریکارڈ بنانے کی کوشش نہیں بلکہ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، صحت مند سرگرمیوں کے رجحان اور منشیات سے پاک معاشرے کے پیغام کو اجاگر کرنے کی ایک قابلِ ذکر کاوش بھی ہے۔

مزیدخبریں