لندن : پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم رواں ہفتے برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سے ملاقات کرے گی۔ بکنگھم پیلس کے مطابق کھلاڑیوں کے ساتھ یہ ملاقات پہلے ہی سرکاری پروگرام میں شامل تھی اور اس کا حالیہ کرکٹ تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔
شیڈول کے مطابق کنگ چارلس پاکستانی کھلاڑیوں سے کلیرنس ہاؤس کے باغات میں ملاقات کریں گے۔ یہ مختصر ملاقات تقریباً 15 منٹ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
پاکستانی ٹیم کی کنگ چارلس سے ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ایک تنازع نے جنم لیا۔ لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز لنچ کے وقفے کے دوران اسکائی اسپورٹس نے سابق پاکستانی کپتان عمران خان کے بیٹوں، سلیمان اور قاسم خان، کا انٹرویو نشر کیا تھا۔
انٹرویو نشر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے مستقبل پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ پی سی بی کی جانب سے دوسرے ٹیسٹ کے دوبارہ شروع نہ ہونے اور تین میچوں کی سیریز ختم کرنے کے امکان پر بھی غور کیا گیا۔
دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے صورتحال پر برطانوی حکومت کے متعلقہ ادارے سے رہنمائی طلب کی۔ تاہم بکنگھم پیلس نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم سے کنگ چارلس کی ملاقات ایک پہلے سے طے شدہ مصروفیت ہے اور اس کا مذکورہ تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے پاکستان کی جانب سے 21 سال تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی اور کئی برس قومی ٹیم کی قیادت بھی کی۔ ان کی کپتانی میں پاکستان نے 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔