یو ایس اوپن میں بڑا دھچکا، نوواک جوکووچ پہلے ہی راؤنڈ میں شکست سے دوچار

11:45 AM, 31 Aug, 2026

امریکہ : 24 گرینڈ سلیم ٹائٹلز اپنے نام کرنے والے ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کو یو ایس اوپن کے پہلے راؤنڈ میں غیر متوقع طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نوجوان ارجنٹائنی کھلاڑی ماریانو ناوونے نے سخت اور طویل مقابلے کے بعد سابق عالمی نمبر ایک کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

امریکا کے شہر نیویارک میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک زبردست مقابلہ جاری رہا۔ ناوونے نے پانچ سیٹوں پر مشتمل میچ میں جوکووچ کو 5-7، 7-5، 6-4، 6-2 اور 6-1 سے شکست دی۔

یہ جوکووچ کے گرینڈ سلیم کیریئر میں پہلے راؤنڈ کا سب سے طویل میچ ثابت ہوا۔ اس شکست کے نتیجے میں وہ تقریباً 20 سال بعد پہلی مرتبہ کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے ہی میں باہر ہوئے ہیں۔ یو ایس اوپن کے پہلے راؤنڈ میں یہ ان کی پہلی ناکامی بھی قرار دی جا رہی ہے۔

مقابلے کے دوران جوکووچ جسمانی مشکلات سے بھی دوچار رہے۔ وہ ایک موقع پر الٹی کرتے دکھائی دیے، جبکہ بعد میں بائیں پاؤں میں کھنچاؤ اور درد کی شکایت بھی کی۔ طبی امداد کے دوران انہیں دوا دی گئی اور کمر پر مساج بھی کیا گیا۔

جوکووچ نے میچ میں مجموعی طور پر 70 غیر ضروری غلطیاں کیں، جو ان کی شکست کی اہم وجوہات میں شامل رہیں۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جسمانی مسائل کی وجہ سے وہ اپنی صلاحیت کے مطابق کھیل پیش نہیں کر سکے۔

سربین سٹار کے مطابق مقابلے کے آخری حصے میں کمر اور کندھے کی تکلیف نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا، جس کے باعث وہ میچ پر اپنی گرفت برقرار نہ رکھ سکے۔

مزیدخبریں