ایس سی او عالمی جنوب کے اتحاد کی نئی علامت بن چکی ہے: چینی صدر

10:35 PM, 31 Aug, 2025

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا پلیٹ فارم اب خطے میں امن و سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ رکن ممالک کی اقتصادی ترقی اور اجتماعی خوشحالی کو فروغ دینے کی بڑی ذمہ داری ادا کرے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، صدر شی نے یہ بات اتوار کی شام شمالی چین کے شہر تیانجن میں ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران تقریباً 20 ممالک کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں وسطی، جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ کے رہنما بھی شریک ہیں، جسے ماہرین گلوبل ساؤتھ کے اتحاد کی ایک اہم علامت قرار دے رہے ہیں۔

چینی خبر ایجنسی شنہوا نے رپورٹ کیا کہ صدر شی نے خیرمقدمی عشائیے میں اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اجلاس رکن ممالک کو تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گا اور مشترکہ ہم آہنگی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ایس سی او خطے میں زیادہ مستحکم اور ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت دے گی، جبکہ عالمی سطح پر بھی اس کا کردار مزید بڑھ جائے گا۔

شنہوا کے مطابق یہ اجلاس تنظیم کی تاریخ کا سب سے بڑا سالانہ اجتماع ہے، جس میں رکن ممالک آئندہ دہائی کے لیے ترقیاتی حکمتِ عملی سمیت کئی اہم دستاویزات منظور کرنے جا رہے ہیں۔

شی جن پنگ کے بقول، ایس سی او اب ایک ایسی طاقت میں ڈھل چکی ہے جو بین الاقوامی تعلقات کے نئے ماڈل اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے لیے اہم بنیاد فراہم کر رہی ہے۔

مزیدخبریں