پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے تھرمل ٹیکنالوجی کا کامیاب استعمال، 490 سے زائد افراد کی زندگیاں بچا لی گئیں

12:33 PM, 31 Aug, 2025

لاہور: پنجاب کے مختلف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہلی بار جدید تھرمل ٹیکنالوجی کے ذریعے ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے 490 سے زائد افراد کو تلاش کر کے بروقت محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔

یہ آپریشن اوکاڑہ، جھنگ، شورکوٹ، اٹھارہ ہزاری، اور احمد پور سیال سمیت کئی علاقوں میں رات کے وقت انجام دیے گئے، جہاں اندھیرے اور مشکل راستوں کے باعث عام طریقوں سے لوگوں تک پہنچنا ممکن نہیں تھا۔

تھرمل کیمرے ایسے آلات ہوتے ہیں جو اندھیرے میں انسانی جسم کی حرارت کو محسوس کرکے اُن کی موجودگی کا پتہ لگاتے ہیں۔ ان ہی آلات کی مدد سے پانی میں پھنسے افراد کو تلاش کیا گیا، جن میں:ٹھٹھہ جبانڑاں سے 85، علی پور سے 70 ، دوآنڑاں سے 63 ، جوگیرا بوچھیراں سے 80 اور ولی محمد جھندیر سے 45 شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیاب ریسکیو مشن پر پوری ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب سیلاب میں تھرمل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک کے لیے ایک مثال بنے گا اور آئندہ بھی ایسے جدید ذرائع سے ریسکیو آپریشنز کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں