لاہور : پنجاب میں سیلاب کی صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ہے جس کے پیش نظر متعلقہ اضلاع میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ اب تک سیلاب سے 20 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں، جن میں سے ساڑھے 7 لاکھ افراد کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق پنجاب کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا ریسکیو آپریشن ہے، جس میں پانچ لاکھ سے زائد مویشیوں کو بھی بچایا گیا ہے۔ مویشیوں کے لیے چارے اور وٹنری کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ ان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ راوی، ستلج اور چناب دریا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ خاص طور پر چناب کے خانکی اور قادرآباد کے مقام پر سیلاب کی صورت حال نازک ہے۔ تریموں برج سے پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 61 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے جبکہ ستلج میں گنڈاسنگھ والا پر پانی کا بہاؤ بہت تیز ہے۔
صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانوں اور مال کا تحفظ ممکن ہو سکے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کام جاری ہیں اور متاثرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔