پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو عالمی معیار کی ISO 27001 سرٹیفکیشن حاصل

11:48 AM, 31 Aug, 2025

لاہور : پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انفارمیشن سیکیورٹی مینجمنٹ کے لیے ISO 27001 سرٹیفکیشن حاصل کر لی ہے، جو دنیا بھر میں ڈیٹا سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اعلیٰ معیار مانا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی پاکستان کی پہلی پولیسنگ باڈی بن گئی ہے جسے یہ بین الاقوامی اعزاز ملا ہے۔

یہ سنگِ میل پنجاب کو اسمارٹ سٹی گورننس کی دوڑ میں ایک نمایاں مقام پر لے آیا ہے۔ سیف سٹیز اتھارٹی پہلے ہی سے پولیس اور دیگر اداروں کو جرائم کی روک تھام، ٹریفک کنٹرول اور ایمرجنسی رسپانس میں مدد فراہم کر رہی ہے۔

ادارے نے حال ہی میں ایک نیا آن لائن فیچر متعارف کروایا ہے، جس کی مدد سے شہری غلط ای چالان پر نظرثانی کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس فیچر کے ذریعے شہری نہ صرف اپنا چالان دیکھ سکتے ہیں، بلکہ اس کے خلاف ثبوت بھی اپلوڈ کر سکتے ہیں۔ اگر شکایت درست ثابت ہو، تو چالان فوری طور پر منسوخ کر دیا جاتا ہے۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا مانیٹرنگ سسٹم 24 گھنٹے کام کرتا ہے، جس میں ضلعی پولیس کے ساتھ قائم کنٹرول رومز کے ذریعے CCTV کیمروں کی نگرانی کی جاتی ہے۔ ویڈیوز فوری طور پر متعلقہ تھانوں کو بھیجی جاتی ہیں تاکہ موقع پر ہی کارروائی کی جا سکے۔

عدالتوں میں بھی سیف سٹیز اتھارٹی کے فراہم کردہ ویڈیو شواہد کئی مقدمات میں فیصلہ کن کردار ادا کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ تھانوں کو سمارٹ فونز بھی دیے گئے ہیں تاکہ وہ کسی بھی الرٹ پر فوری ردعمل دے سکیں۔یہ کامیابی نہ صرف ادارے کے اعتماد کی مظہر ہے بلکہ پنجاب میں جدید، محفوظ اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کی طرف ایک اہم قدم بھی ہے۔

مزیدخبریں