واٹس ایپ نے نیا ’رائٹنگ ہیلپ‘ فیچر متعارف کروا دیا

04:58 PM, 31 Aug, 2025

کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر ’رائٹنگ ہیلپ‘ متعارف کرایا ہے جو آپ کو پیغام لکھنے میں مدد دے گا، اور یہ کام آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کی مدد سے کرے گا۔ اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ آپ کے پیغامات اور AI کی دی گئی تجاویز مکمل طور پر آپ کے فون پر محفوظ رہیں گی، یعنی نہ واٹس ایپ اور نہ ہی میٹا انہیں دیکھ سکے گا۔

جب آپ کوئی پیغام لکھنا شروع کریں گے تو آپ کو ایک نیا پینسل کا آئیکون نظر آئے گا، اسے کلک کر کے آپ ’رائٹنگ ہیلپ‘ استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ فیچر مختلف تجاویز دے گا، جنہیں آپ اپنی مرضی سے منتخب یا بدل سکتے ہیں۔ پیغام لکھنے کے بعد جب آپ ایموجی کے آئیکون پر کلک کریں گے تو وہاں ایک تیر کا نشان بھی دکھائی دے گا، اسے دبا کر یہ فیچر آن کیا جا سکتا ہے۔

واٹس ایپ نے کہا ہے کہ یہ فیچر آپ کی پرائیویسی کا پورا خیال رکھتا ہے اور ماہرین نے اس کی سیکیورٹی کا جائزہ لے کر اس کی تصدیق کی ہے۔ یہ فیچر صارف کی مرضی سے چلایا یا بند کیا جا سکتا ہے، اور ڈیفالٹ طور پر بند ہوگا تاکہ آپ کے پاس مکمل اختیار رہے۔

فی الحال یہ فیچر صرف انگریزی زبان میں امریکہ اور چند دیگر ممالک میں دستیاب ہے، لیکن واٹس ایپ نے بتایا ہے کہ وہ جلد اسے زیادہ زبانوں اور ملکوں میں لے کر آئے گا، جس میں پاکستان بھی شامل ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں