لاہور : پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عرفان کاٹھیا نے بتایا ہے کہ پنجاب کے تینوں بڑے دریاﺅں میں اب تک کا سب سے بڑا سیلاب آیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں قصور کے علاقے میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے، لیکن پاکپتن، بہاولنگر اور وہاڑی میں کل تک ایک لاکھ 35 ہزار کیوسک پانی پہنچنے والا ہے۔ ہیڈ سلیمانکی پر پانی بڑھ رہا ہے اور شام تک اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گا۔
عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ تریموں بیراج پر پانی کا بہاؤ تین لاکھ 61 ہزار 633 کیوسک ہے، جو ایک لاکھ کیوسک زیادہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مون سون کے نواں سپیل بھی تباہی لے کر آیا ہے۔ اب تک سیلاب میں 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 20 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ پنجاب کے 2200 سے زائد دیہات سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پاک فوج ریلیف اور ریسکیو میں مدد کر رہی ہے اور ریلیف کیمپس میں موجود لوگوں کو پوری سہولت دی جا رہی ہے۔ اب تک ساڑھے 7 لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا جا چکا ہے۔