بھارت کے بعد اب افغانستان میں جھگڑے پیدا کیے جا رہے ہیں:مولانا فضل الرحمان

07:02 PM, 30 Oct, 2025

چنیوٹ : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چنیوٹ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی اور قومی امور پر موقف اختیار کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ ٹرمپ یا اس کے فارمولے کو قبول نہیں کرتے اور ایسے معاہدے دیکھے ہیں جن سے اسرائیل مضبوط ہوا۔ انہوں نے اسرائیل کی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود فلسطینی شہید ہو رہے ہیں اور اب ٹرمپ کہاں ہے جو دعویٰ کرتا تھا کہ "میں نے جنگ بندی کرائی"۔

انہوں نے عالم اسلام کی موجودہ حالت جنگ زدہ قرار دی اور کہا کہ فلسطین کی آزادی امت مسلمہ کی منزل ہونی چاہیے۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ بھارت کے بعد اب افغانستان میں جھگڑے پیدا کیے جا رہے ہیں اور مذاکرات کا کام ہمیں چھوڑ دیں، ہم پہلے بھی کامیاب ہو چکے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے سیاست میں تشدد کے عنصر کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ لڑنے اور شعلے برسانے والے بیانات دینا آسان ہے، لیکن قوم کو جنگ سے نکالنا لیڈر کا اصل کام ہے۔ انہوں نے مظاہروں کے حق کو روکنے اور گولیاں برسانے کی مذمت کی اور کہا کہ تحریکوں اور سیاسی عمل میں تشدد نہیں آنا چاہیے، کیونکہ تشدد سے تحریک رک جاتی ہے۔

مزیدخبریں