باجوڑ،سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی ، خارجی لیڈر امجد عرف مزاحم سمیت 4 خارجی ہلاک

01:50 PM, 30 Oct, 2025

باجوڑ : باجوڑ کے علاقے میں پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ دہشت گرد 29 اور 30 اکتوبر کی رات سرحد پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جنہیں فورسز نے بروقت کارروائی کے ذریعے مارا۔

ہلاک ہونے والوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد "امجد عرف مزاحم" بھی شامل تھا، جو خوارج کے ایک اہم کمانڈر اور بھارتی پراکسی کے سربراہ کے طور پر پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ امجد کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی، اور ان کی کوشش تھی کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں اپنے اثرات بڑھائیں۔ تاہم، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ان کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

ترجمان پاک فوج نے یہ بھی بتایا کہ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔ پاک فوج اپنے سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پُرعزم ہے، اور دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے اپنی مہم جاری رکھے گی

مزیدخبریں