وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی ملاقات، سیاسی اور انتظامی امور پر گفتگو

12:58 PM, 30 Oct, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے قانون سازی اور ایوان کی کارروائی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبے میں امن و امان کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

سپیکر ملک احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو کاروبار میں آسانی کے لیے متعارف کرائے گئے ’’ای بز‘‘ منصوبے پر سراہا، اور کہا کہ اس سے کاروباری ماحول بہتر ہوگا اور لوگوں کو نئی کاروباری سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے پنجاب کے عوام کی جانب سے امن و امان کی بہتری پر وزیراعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر ملک احمد خان کی محنت کو سراہا اور کہا کہ پنجاب اسمبلی کے امور میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی پالیسی کو آگے بڑھانے پر انہیں شاباش دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے چھوٹے شہروں میں شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ وہاں بھی ترقی کے یکساں مواقع ملیں۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب میں کاروبار کے بہترین مواقع پر بھی بات کی اور کہا کہ سرمایہ کاروں کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ہر سطح پر سرمایہ کاروں کی معاونت کرے گی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھا جائے گا۔

ملک احمد خان نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں ترقیاتی منصوبے صرف لاہور یا بڑے شہروں تک محدود نہیں ہیں بلکہ صوبے کے ہر پسماندہ علاقے تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ تمام علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں۔

مزیدخبریں