سمندری طوفان "ملیسا" نے جمیکا، کیوبا اور ہیٹی میں تباہی مچائی، اب بہاماس کی طرف روانہ

01:41 PM, 30 Oct, 2025

ہوانا : سمندری طوفان ملیسا نے جمیکا، کیوبا اور ہیٹی میں تباہی مچانے کے بعد بہاماس کی طرف بڑھنا شروع کر دیا ہے۔ طوفان کی شدت میں اضافے کے باعث امریکا میں کیٹگری تھری میں تبدیل ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 30 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان میں ہیٹی میں 25، جمیکا میں 4 اور ڈومینیکا میں 1 شخص کی ہلاکت ہوئی ہے۔

بہاماس کے جنوبی حصوں سے لوگوں کو فوری طور پر انخلا کے احکامات دیے گئے ہیں، جبکہ کیوبا میں تقریباً 7 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے اور کئی اہم سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں۔

جمیکا میں طوفان کی شدت سے سینٹ الزبتھ کا علاقہ زیرِ آب آ گیا ہے، جس کے باعث 5 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ طوفانی ہوائیں، بارشیں اور زمین کے کھسکنے سے وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، ہزاروں مکانات متاثر ہوئے ہیں۔

جمیکا کے وزیراعظم اینڈریو ہولنس نے پورے ملک کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے عالمی سطح پر امداد کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت انتہائی مدد کی ضرورت ہے۔

دوسری طرف امریکا نے طوفان ملیسا سے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے تاکہ وہاں کے لوگوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔طوفان کی شدت اور اس کے مزید اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور حکام نے لوگوں سے مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔

مزیدخبریں