چین کا پاکستانی خلا باز کو مختصر مدت کے خلائی مشن پر بھیجنے کا اعلان

02:20 PM, 30 Oct, 2025

بیجنگ : چین کی خلائی ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ دو پاکستانی خلا باز چین کے خلائی سٹیشن "تیانگ گونگ" پر تربیت لیں گے۔ ان میں سے ایک خلا باز کو چین کے سٹیشن پر مختصر مشن پر بھیجا جائے گا۔ یہ معاہدہ 2023 میں پاکستان اور چین کے درمیان طے پایا تھا، اور پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

چینی خلائی سٹیشن "تیانگ گونگ"، جس کا مطلب "آسمانی محل" ہے، پر یہ خلا باز مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔ ان تجربات میں حیاتیات، فزکس، ایرو اسپیس، خلائی شعاعیں، اور فلکیات جیسے شعبے شامل ہوں گے۔

پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو اور چین کی خلائی ایجنسی کے درمیان یہ شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاہدے پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ قدم دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرے گا اور خلائی تحقیق میں تعاون کو بڑھا دے گا۔

اس تعاون کے ذریعے پاکستان کی خلائی ترقی میں تیزی آ سکتی ہے، کیونکہ چین نے حالیہ برسوں میں پاکستانی سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں اور اب خلا بازوں کی تربیت بھی شروع ہو رہی ہے۔ سپارکو کا کہنا ہے کہ اس مشن میں حصہ لینے سے پاکستان خلائی ٹیکنالوجی میں مزید ترقی کرے گا۔

مزیدخبریں