متنازعہ ٹویٹ کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف فرد جرم عائد

10:59 AM, 30 Oct, 2025

اسلام آ باد : اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازعہ ٹویٹ کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے خلاف فرد جرم عائد کر دی ہے۔ جج محمد افضل مجوکا کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے اپنی بے گناہی کا اظہار کیا اور جرم سے انکار کر دیا۔

عدالت نے اگلی سماعت پر استغاثہ کے تمام گواہان کو طلب کر لیا اور ہادی علی چٹھہ کو دوبارہ ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ اس پر ہادی علی چٹھہ نے کہا کہ "میں مچلکے نہیں بھر سکتا، اگر آپ نے مجھے سال بھر جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں۔" ایمان مزاری نے کہا کہ "اگر آپ ہمیں گرفتار کرانا چاہتے ہیں تو میری ضمانت بھی کینسل کر دیں۔"

دفاع کے وکیل قیصر امام نے عدالت میں کہا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو دیگر مقدمات میں بھی پیش ہونا پڑتا ہے، اور وہ مختلف عدالتوں میں جا چکے ہیں۔ جج محمد افضل مجوکا نے اس پر ریمارکس دیے کہ "میں نے ان کی درخواست پر تین بار سماعت ملتوی کی ہے۔"

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی، اور اس دوران دونوں ملزمان کو ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی گئی۔ یاد رہے کہ این سی سی آئی اے نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

مزیدخبریں