کچھ باتیں وقت گذرنے کے بعد سمجھ آتی ہیں لیکن کچھ باتیں سمجھ کر بھی پوری طرح سمجھ نہیں آتیں۔ جب سے معاملات زندگی کی کچھ سمجھ آنی شروع ہوئی تو احساس تو اسی وقت سے ہو گیا تھا کہ دنیا میں پاکستان کی ایک خاص اہمیت ہے اور یہ بات ہم کسی خوش فہمی یا لفاظی کے طور پر نہیں کہہ رہے بلکہ یہ امر واقعہ ہے ۔ اس لئے کہ اگر کسی کو پاکستان کی اہمیت سے انکار ہے تو اس کے لئے یہ بات کافی ہونی چاہئے کہ دنیا کے دو سو سے زائد ممالک میں سے کل 9اعلانیہ نیوکلیئر پاورز ہیں اور ان میں سے ایک خدائے بزرگ و برتر کے فضل و کرم سے پاکستان ہے ۔ یہاں تک تو سمجھ آ چکی ہے لیکن جو بات سمجھ نہیں آ سکی وہ یہ ہے کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے جو حالات و واقعات چل رہے ہیں ان سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا میں پاکستان کی اہمیت اس سے بھی کہیں زیادہ ہے ۔ اب یہ کہیں زیادہ اہمیت کیوں ہے تو اس حوالے سے ایک سے زائد تھیوریز کو پیش کیا جا سکتا ہے ۔ مثال کے طور پر یہ کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع اس کی اہمیت کا سبب ہے ۔ اب اس محل و وقوع میں بھی ایک سے زیادہ تھیوریزہیں کہ پاکستان اس خطے میں ہے کہ جہاں پر نو میں سے چار نیوکلیئر پاور ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی ہیں دوسری اہمیت پاکستان اور چین کی دوستی ہے کہ سوویت یونین کے انہدام کے بعد امریکہ اور اس کے جتنے بھی حلیف ہیں ان کے سامنے اب روس کے ساتھ چین بھی ایک بڑے حریف کے طور پر موجود ہے ۔ محل وقوع کے حوالے سے ہی ایک بڑی اہمیت یہ بھی ہے کہ پاکستان جس جگہ واقع ہے اس کے ساتھ ایران عراق ترکی افغانستان ہیں ۔ اس کے علاوہ ایک بڑی اہمیت کہ پاکستان اسلامی دنیا کی اکلوتی نیوکلیئر پاور ہے اور اسلامی دنیا میں انڈونیشیا کے بعد آبادی کے لحاز سے دوسری بڑی اسلامی مملکت ہے ۔ اس کے علاوہ پاکستان کے ساتھ افغانستان اور ساتھ میں ایران پھر ترکیہ اور آگے بڑھتے جائیں تو افریقہ تک مسلم ممالک کی پوری ایک پٹی ہے تو یہ بھی ایک زبردست اہمیت کی بات ہے ۔ اس کے بعد یہ بھی اہم ہے کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں معدنی ذخائر اور ایک امریکی جریدے فارن پالیسی نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاکستان کے معدنی ذخائر کو عالمی معیار کے مطابق قرار دیا ہے ۔ اسی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے معدنی ذخائر 2لاکھ تیس ہزار مربع میل پر پھیلے ہوئے ہیں جو کہ برطانیہ کے رقبہ سے دو گنا ہے ۔
ہم نے جو اہم باتیں تھیں انھیں قارئین کی نظر کر دیالیکن ان سب کے باوجود بھی وطن عزیز کی اہمیت کے حوالے سے ہمارا دل بالکل بھی مطمئن نہیں اس لئے کہ جو کچھ بھی مملکت خداداد کے خلاف ہو رہا ہے اور جس طرح سے ہو رہا ہے اس سے تو لگتا ہے کہ ان سب وجوہات سے بھی شاید کوئی بڑی وجہ ہے کہ جس کی وجہ سے پاکستان کے دشمن ہاتھ دھو کر میرے وطن کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ۔ ہم اگر پچاس سال پیچھے چلے جاتے ہیں تو ذوالفقار علی بھٹو نے جب مسلم امہ ، تیسری دنیا اور نیوکلیئر پاور بننے کی طرف سفر کا آغاز کیاتو انھیں عبرت کی مثال بنا دیا گیا ۔ نیوکلیئر پاور بننے کے بعد ہم دفاعی طور پر تو مضبوط ہو گئے تھے لیکن اس کے بعد ہمیں معاشی طور پر اپنے قدموں پر کھڑے نہیں ہونے دیا گیا ۔ ہم زیادہ تفصیل میں نہیں جائیں گے اور ماضی سے واپس حال میں آ جاتے ہیں لیکن اتنا ضرور کہیں گے کہ ان گذرے پچاس برسوں میں جس نے بھی اور جب بھی پاکستان کو معاشی ترقی کے راستے پر ڈالا تو اس کے راستے میں بے پناہ رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں اور اس کے لئے بہترین نسخہ کیمیا امن و امان کی صورت حال کو بگاڑنا اور پھر دہشت گردی تھی۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن وہاں پر ایک سیاسی جماعت کی اکثریت کو ختم کرنے کے لئے80کی دہائی میں ایک لسانی تنظیم کو کھڑا کیاگیا لیکن چلیںاسے سیاسی جماعت کے طور پر منظم کیا جاتا جیسے کہ کراچی میں اس سے پہلے جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے پاکستان کا ووٹ بنک تھا لیکن اس طرح شاید دوسرے مقاصد پورے نہ ہوتے لہٰذا کراچی میں لسانی دہشت گردی کا ایسا زہریلا بیج بویا گیا کہ جس نے کراچی جیسے شہر کو تباہ کر کے رکھ دیا ۔ یہ بیج کس نے بویا تھا مجھے نام لینے کی ضرورت نہیں ہے لیکن پاکستان دشمنوں کے ہاتھ دہشت گردی کا ایک ایسا نادر ہتھیار ہاتھ لگا کہ اس لسانی دہشت گردی کو مذہبی دہشت گردی میں تبدیل کر کے اسے پورے ملک میں پھیلا دیا۔ اس دہشت گردی نے 90 ہزار سے زیادہ بے گناہ پاکستانیوں کی جانیں لیں لیکن اس کے ساتھ انھوں نے جو اصل مقصد حاصل کیا وہ کئی ٹریلین ڈالر کا پاکستان کی معیشت کو نقصان ہے ۔
گذشتہ تین عشروں سے پاکستان میںجو دہشت گردی ہو رہی ہے موجودہ رجیم کے دور میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ریاست پاکستان بغیر کسی ابہام کے دہشت گردوں میں گڈ اور بیڈ کی تمیز کئے بغیر دہشت گردوں کے خلاف میدان عمل میں نکلی ہے تو پاکستان پر چاروں اطراف سے یلغار شروع ہو گئی ہے اور ملک کے اندر سیاسی ، مذہبی اور لسانی جتنے بھی سلیپنگ سیلز تھے ان سب کو بھرپور طریقے سے متحرک کر دیا گیا ہے تو پاکستان کی وہ کون سی اہمیت ہے کہ جس کی وجہ سے ملک دشمن قوتیں ہر صورت پاکستان کو معاشی لحاظ سے کمزور رکھنا چاہتی ہے ۔ بس یہی سوال ہے کہ جس کا جواب مل تو رہا ہے لیکن کیا کریں کہ دل کو تسلی نہیں ہو رہی ۔
پاکستان کی اہمیت
09:17 AM, 30 Oct, 2025