اسرائیلی افواج جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہی ہیں ، وزیر دفاع خواجہ آصف

01:04 PM, 30 Nov, 2025

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہی ہیں اور فلسطینیوں، جن میں بچے بھی شامل ہیں، کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے بتایا کہ 10 اکتوبر کو جنگ بندی کے نافذ ہونے کے بعد سے کم از کم 352 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، اور اب تک 70,000 سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شرم الشیخ میں ہونے والے معاہدے کا مقصد خطے میں امن اور استحکام لانا تھا، لیکن اسرائیل کی کارروائیوں نے اس معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ خواجہ آصف نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی نسل کشی کی کارروائیاں ابھی تک جاری ہیں، اور بین الاقوامی برادری کو، خاص طور پر مغربی ممالک کو، اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جن مسلم ممالک نے اس معاہدے کی حمایت کی تھی، جیسے ترکی، مصر اور قطر، انہیں اس جاری تشدد کے پیشِ نظر اپنے موقف پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا بھی ذکر کیا، جو پہلے ہی اس تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں