لاہور :وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا، جس میں منصوبے کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی اور ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
وزیراعلیٰ آفس کے مطابق، اس منصوبے کے تحت لاہور کی 6,284 گلیوں کی مکمل اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ واسا کی 486 اور لاہور میونسپل کارپوریشن کی 5798 گلیوں کو آئندہ سال جون تک جدید اور بہتر بنایا جائے گا۔
اجلاس میں شہر کی ترقی کے لیے ایک ماہانہ ورک پلان پیش کیا گیا، جس میں ہر محلے کو روشن اور آباد بنانے کی تفصیلات شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ لاہور کی ترقی میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے ہر علاقے کو ٹوٹ پھوٹ سے پاک کر کے شہریوں کے لیے ایک مثالی اور باعزت جگہ بنایا جائے گا۔ اس اپ گریڈیشن کے ساتھ لاہور کا ہر محلہ رہائش کے لیے فخر کا باعث بنے گا۔