اسلام آباد میں تین بڑے عوامی منصوبوں کی تکمیل قریب، وزیر داخلہ کا دورہ

11:16 AM, 30 Nov, 2025

اسلام آباد : اسلام آباد میں تین اہم اور بڑے عوامی منصوبوں کی تکمیل تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ ان منصوبوں میں ٹی چوک فلائی اوور، شاہین چوک انڈر پاس اور فیض آباد انٹرچینج کی ری ماڈلنگ شامل ہیں۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ان منصوبوں کا دورہ کیا اور ان کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔ انہوں نے فیض آباد انٹرچینج پر ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے لوپ ون اور لوپ ٹو کو تین لین کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی منصوبوں کے ارد گرد کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے لینڈ سکیپنگ اور لائٹس لگانے کی تجویز دی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیرِ داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ٹی چوک فلائی اوور کا تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ دسمبر کے اوائل میں ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ شاہین چوک انڈر پاس کے 70 گرڈرز کی لانچنگ مکمل ہو چکی ہے اور باقی گرڈرز کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ فیض آباد انٹرچینج کے پولز فاؤنڈیشن اور آر سی سی والز کا کام مکمل ہو چکا ہے، اور اسفالٹ کا کام ابھی جاری ہے۔

محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ اسلام آباد میں ٹریفک کا دباؤ کم ہو سکے اور شہریوں کو بہترین سفری سہولتیں مل سکیں۔

مزیدخبریں