پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی

11:34 PM, 30 May, 2026

راولپنڈی: پاکستان نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.1 اوورز میں 200 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا نے 61 اور میتھیو شارٹ نے 55 رنز اسکور کیے۔ ایلکس کیری نے 19 جبکہ میتھیو کوہنیمن نے 24 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا جہاں عرفات منہاس نے تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا، تاہم 5 وکٹیں بھی گنوا دیں۔ بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز (94 گیندوں) کی اننگز کھیلی جبکہ غازی غوری نے 65 رنز کی عمدہ باری کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان نے 28، معاذ صداقت نے 8 اور سلمان علی آغا نے 6 رنز بنائے۔ عرفات منہاس 18 اور عبدالصمد 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ میچ پاکستان کی ون ڈے کرکٹ میں 1000ویں انٹرنیشنل اننگز کے طور پر بھی ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوا۔ کپتان شاہین آفریدی نے اس کامیابی کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ٹیم کے لیے یادگار ہے اور مستقبل میں بھی بہترین کارکردگی جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔
 

مزیدخبریں